پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود دورہ آسٹریلیا سے قبل انجری کا شکار ہوگئے۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان کپ کا سیمی فائنل کراچی وائٹس اور ملتان کے درمیان کھیلا جارہا تھا جس کے دوران سابق کپتان سرفراز احمد اور شان مسعود دوڑتے ہوئے آپس میں ٹکرا گئے۔ اس تصادم کا نتیجہ پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان شان مسعود کے انجرڈ ہونے کی صورت میں برآمد ہوا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کراچی وائٹس، ملتان کے خلاف 281 رنز کے ہدف کا دفاع کررہی تھی اور صہیب مقصود بیٹنگ اینڈ پر موجود تھے۔
نویں اوور کی دوسری گیند پر صہیب مقصود نے شاٹ کھیلا مگر شاٹ مس ہونے کی وجہ سے گیند ہوا میں بلند ہوگئی جسے کیچ کرنے کے لیے کراچی وائٹس کے کپتان اور وکٹ کیپر سرفراز احمد اور شان مسعود دونوں ہی دوڑ پڑے اور زوردار طریقے سے ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔