آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بھارت کے سب سے بڑے احمد آباد کے اسٹیڈیم میں بھارتی شائقین کو خاموش کرانے کی ٹھان لی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ 2023کے 13ویں ایدیشن کا فائنل میچ میزبان بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان 19 نومبر (اتوار) کو نریندر مودی اسٹیڈیم ،احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔
دنوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ دن ایک بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا جو ڈے اینڈ نائٹ ہوگا، بھارتی کرکٹ ٹیم کو مایہ ناز بلے باز روہت شرما لیڈ کر رہے ہیں جبکہ آسٹریلوی ٹیم فاسٹ باؤلر پیٹ کمنز کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔
احمد آباد میں گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے فائنل میں ٹیم کو بھارتی شائقین کے سامنے جارحانہ کھیل پیش کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
پیٹ کمنز جانتے ہیں کہ فائنل میں ہوم گراؤنڈ میں شائقین کی اکثریت بھارت کو سپورٹ کرے گی، آسٹریلوی کپتان نے اس کراؤڈ سے دباؤ میں آنے کے بجائے اپنے کھلاڑیوں کو اس سے اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
پیٹ کمنز نے کہا کہ ’’ ہمیں پتا ہے شائقین کی سپورٹ یکرفہ ہوگی، لیکن کھیل میں اس سے زیادہ اطمینان بخش اور کوئی بات ہی نہیں کہ اپنی صلاحیت سے ایک بڑے ہجوم کو خاموش کرایا جائے، اور یہی ہمارا مقصد ہے‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’ ہم فائنل کھیلنے کے لیے ہر طرح سے تیار ہیں، ہم جانتے ہیں شایقین کی حمایت نہیں ہوگی لیکن اس کے لیے ہم تیار ہیں اور اس بات کو خوشی خوشی قبول کرتے ہیں‘‘۔
آسٹریلوی کپتان نے ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ بس اتنا جان لیں کہ فائنل کے دن کو بغیر کسی افسوس کے ختم کرنا ہے‘‘۔