اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف )کا منشیات سمگلنگ کے خلاف مختلف کاروائیوں کے دوران 438 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کرتے ہوئے 9 ملزمان گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان اے این ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والی پرواز نمبر میں تنزانیہ کے باشندے کے پیٹ سے 60 کوکین بھرے کیپسولز برآمد کئے گئے جبکہ بلکسر موٹر وے چکوال پر مسافر بس میں سوار ملزم سے 600 گرام چرس برآمد کی گئی۔ اسی طرح ایک اور کارروائی کے دوران شالیمار ٹاؤن لاہور کے قریب موٹر سائیکل سوار سے 12 کلو چرس اور 600 گرام افیون برآمد کی گئی جبکہ مسریال روڈ راولپنڈی کے قریب دو ملزمان سے 350 ایکسٹیسی (نشہ آور) گولیاں برآمد کی گئیں۔لالک جان سٹیڈیم گلگت کے قریب گاڑی سے 756 گرام افیون برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق انڈسٹریل روڈ پشاور کے قریب 2 موٹر سائیکل سوارملزمان سے 6 کلو چرس برآمد کی گئی جبکہ حیات آباد پشاور میں ملزم کے قبضے سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد ہوئی۔ اسی طرح سے زخہ خیل خیبر میں دو کاروائیوں کے دوران 10 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔کچلاک کے غیر آباد علاقے میں سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 289 کلو گرام مارفین برآمدہوئی جبکہ مستونگ کے پہاڑی علاقے میں چھپائی گئی 66 کلو گرام ہیروئن برآمدکی گئی ۔ ترجمان کے مطابق پنجگور میں سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 50 کلو گرام چرس برآمد کی گئی جبکہ ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔