آئی سی سی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کے 241 رنز ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو مشکلات کا سامنا ہے اور صرف 47 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ آسٹریلیا نے 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنالیے ہیں۔
آسٹریلیا کی اننگز کی شروعات ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے کی۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ صرف 16 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیوڈ وارنر صرف 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
41 کے مجموعی اسکور پر کینگروز کو دوسرا نقصان مچل مارش کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 15 رنز بناکر وکٹوں کے پیچھے کیچ تھما بیٹھے۔ 47 کے مجموعی اسکور پر اسٹیون اسمتھ بھی 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے 240 رنز بناسکی اور اس کی پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ورلڈکپ کے فائنل میں بھارتی بلے باز رنز کے ڈھیر لگانے کی روایت کو برقرار نہ رکھ سکے۔
ٹیم کے اوپنر شبمن گل میگا ایونٹ کے فائنل میں ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے، وہ محض 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان روہت شرما نے 47 جبکہ ویرات کوہلی نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔
مڈل آرڈر بیٹر کے ایل راہول نے 67 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں شریاس ایر 4، رویندرا جڈیجا 9، محمد شامی 6، جسپریت بمراہ ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 3، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے دو دو جب کہ ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کی ٹرافی اٹھانے کیلئے پُرعزم ہیں، کوشش کریں میچ میں کامیابی سمیٹ کر شائقین کو حیران کریں۔
اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ آج تاریخ دوہرانے کا موقع ہے کوشش کریں گے ٹائٹل اپنے نام کریں۔
دونوں ٹیموں کے کپتانوں کا کہنا تھا کہ پلئینگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔