سوریا کمار یادیو آسٹریلیا کے خلاف ٹونٹی20 سیریز کیلئے بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے

جارح مزاج کرکٹر سوریا کمار یادو آسٹریلیا کے خلاف ٹونٹی20  سیریز کے لئے بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ وی وی ایس لکشمن سیریز کے دوران بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز 23  نومبر سے ویشاکھاپٹنم میں ہوگا۔ بھارت کے سینئر کھلاڑیوں کو سیریز میں  آرام دینے کی توقع ہے۔ ورلڈ کپ سے قبل آئرلینڈ کا دورہ کرنے والے سکواڈ کے زیادہ تر ارکان کو برقرار رکھا گیا ہے جبکہ  آئرلینڈ دورہ کے دوران ٹیم کی قیادت کرنے والے جسپریت بمراہ کو آرام دیا گیا ہے۔

ہاردک پانڈیا کو فٹنس مسائل کی وجہ سے سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ بھارتی کوچ راہول ڈریوڈ کی تین ماہ کی سخت محنت کے بعد آرام کرنے کی وجہ سے لکشمن کی بطور کوچ تقرری متوقع ہے۔  

واضح رہے کہ بھارت کے سینئر کھلاڑی روہت شرما اور ویرات کوہلی گزشتہ سال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد سے ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں ایکشن میں دکھائی نہیںدیئے ہیں۔بھارت کے ممکنہ سکواڈ میں نوجوان کھلاڑیوں شبمان گل، ایشان کشن، پراسدھ کرشنا سمیت یاشاسوی جیسوال، رینکو سنگھ، رتوراج گائیکواڈ، شاردل ٹھاکر اور تلک ورما شامل ہیں