قومی ٹیم کے لیجنڈ کھلاڑی جاوید میانداد نے شان مسعود کو کپتان بنانے کا فیصلہ جلد بازی قرار دے دیا۔
کراچی ٹیپ بال پریمیئر لیگ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ سرفراز احمد ٹیم میں ہیں تو انہیں کپتان ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کپتانی کے دباؤ سے شان مسعود کی بیٹنگ متاثر ہوسکتی ہے، آسٹریلیا کے دورے پر مکمل تیاری کے ساتھ جانا چاہیے۔
جاوید میانداد نے کہا کہ کوچز اور کھلاڑیوں کے درمیان عمر کا فرق ہونا چاہیے، عمر کا فرق نہیں ہوگا تو عزت بھی نہیں ہوگی، بابراعظم کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سے انہوں نے ہٹایا جنہیں کرکٹ نہیں آتی۔
واضح رہے کہ کراچی ٹیپ بال پریمیئر لیگ کا سیزن تھری یکم تا 16 دسمبر 2023 کراچی میں کھیلا جائے گا جس کی پلیئر ڈرافٹ اور ٹرافائی کی رونمائی کی تقریب منگل کو منعقد ہوئی جس میں جاوید میانداد اور سرفراز احمد بھی شریک تھے۔
تقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کراچی ٹیپ بال پریمئیر لیگ کا انعقاد خوش آئند عمل ہے۔ ٹیپ بال کراچی میں کرکٹ کا چہرہ ہے جو گلی کوچوں اور سڑکوں پر کھیلی جاتی ہے۔