ایلیٹ فورس کی گاڑی نہر میں جا گری، 2 اہلکار جاں بحق، 3 زخمی ہو گئے

بہاولنگر میں ایلیٹ فورس کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث نہر میں جا گری جس کے نتیجے میں 2 اہلکار جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔

ایلیٹ فورس کی گاڑی کو حادثہ بہاولنگر کے علاقے روجھانوالی موڑ کے قریب پیش آیا، ایلیٹ فورس کی گاڑی ملزمان کے تعاقب کیلئے جا رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر نہر میں گر گئی، حادثے کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کے 2 جوان موقع پر دم توڑ گئے اور 3 زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت حوالدار کاشف اور کانسٹیبل رضوان کے نام سے ہوئی ہے، زخمیوں میں عبداللہ طارق، محمود اور جعفر شامل ہیں، ریسکیو ٹیم نے لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔