بھارتی شہر ممبئی میں منشیات خریدنے کے لیے والدین نے اپنے دو بچوں کو 74 ہزار روپے میں فروخت کردیا۔
رپورٹ کے مطابق ممبئی کرائم برانچ اندھیری میں میاں بیوی سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا، جن پر الزام عائد ہے کہ انہوں نے منشیات خریدنے کے لیے اپنے بچے فروخت کیے ہیں۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ایک ماہ کی بچی کو بھی ریسکیو کیا ہے لیکن دو سال کے بچے کو تلاش جاری ہے۔ کرائم برانچ کی ٹیم نے شبیر اور ثانیہ خان نامی جوڑے اور شکیل مکرانی سمیت اُوشا راٹھور نامی ایجنٹ کو گرفتار کرلیا، جس نے بچوں کی فروخت میں کمیشن لیا تھا۔
ممبئی کرائم برانچ کے اہلکار دایا نائیک نے کہا ہے کہ اندھیری میں نشے کی لت کے شکار ایک جوڑے نے اپنے دو بچے منشیات خریدنے کی غرض سے فروخت کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بارے میں جیسے ہی جوڑے کے گھر والوں کو پتہ چلا تو بات گھر سے باہر نکلی، پولیس نے والدین اور دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، ملزمان نے لڑکے کو 60 ہزار روپے اور ایک ماہ کی بچی کو 14 ہزار روپے میں فروخت کیا۔
کرائم برانچ کا کہنا ہے کہ شوہر اور بیوی نشے کے عادی تھے اور اس کے بغیر نہیں رہ پارہے تھے اور اسی دوران راٹھور نامی ملزمہ کا ان سے رابطہ ہوا، جن افراد کو انہوں نے اپنا بیٹا فروخت کیا ہے اُن کی ابھی تک شناخت سامنے نہیں آئی، جبکہ بیٹی کو انہوں نے 14 ہزار روپے میں شکیل مکرانی نامی شخص کو فروخت کیا۔
جب مرکزی ملزم شبیر کی بہن روبینہ کو اس بارے میں علم ہوا، تواس نے پولیس اسٹیشن میں اپنے بھائی اور بھابھی کے خلاف شکایت درج کروائی جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔