سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید اور 2 صحافیوں کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی مبینہ خلاف ورزی سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست 28 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر ہونے سے متعلق قومی میڈیا پر چلنے والی خبر غلط فہمی پر مبنی تھی اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کا ریکارڈ چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ یہ مقدمہ مجوزہ کاز لسٹ میں واقعی 28 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر ہواتھا تاہم بعد ازاں سپلیمنٹری کاز لسٹ جاری کرکے اسے منسوخ کردیا گیا، اس حوالے سے ہائی کورٹ کے ایک معتبر ذریعہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس کیس میں تاحال نوٹسز کی تعمیل نہ ہونے کی وجہ سے اس کی مجوزہ سماعت منسوخ کی گئی ہے
یاد رہے کہ راولپنڈی کے رہائشی سید محمد عاطف علی نے 3اکتوبر 2023کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی ایک آئینی درخواست میں سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور 2 صحافیوں کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی مبینہ خلاف ورزی پر ان کے خلاف قانونی کاروائی کی استدعا کی تھی۔