بشریٰ بی بی کی راہداری ضمانت منظور ، گرفتار نہ کرنے کا حکم

پشاور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 23 دسمبر تک راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے گرفتار نہ کرنے کا حکم دیدیا۔

پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس وقار احمد  نے بشریٰ بی بی کی راہداری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ بشریٰ بی بی کیخلاف 27 مختلف کیسز بنائے گئے ہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ ایک ہی ضلع میں 27 مقدمات بنائے گئے ؟ کیا سارے مقدمات ایک ہی دن میں بنائے گئے ہیں؟

بشریٰ بی بی کے وکیل نے بتایا کہ کچھ ایک دن میں بنائے گئے جبکہ کچھ دوسرے دنوں میں ، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت نے پابند کیا ہے ضمانت ملنے کی صورت میں متعلقہ عدالت میں پیش ہوا جائے۔

عدالت نے کہا کہ ہم تو اسی وجہ سے ضمانت دیتے ہیں تاکہ یہ لوگ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہو جائیں۔ بعدازاں عدالت نے بشریٰ بی بی کی راہداری ضمانت منظور کر لی۔