العزیزیہ کیس میں سزا کیخلاف نوازشریف کی اپیل سماعت کے لیے مقرر

اسلام آباد ہائی کورٹ میں العزیزیہ کیس میں سزا کے خلاف سابق وزیراعظم نوازشریف کی اپیل مقرر ہوگئی، چیف جسٹس عامرفاروق کی سربراہی میں بنچ 7 دسمبر کو سماعت کرے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 26 اکتوبر جمعرات کو مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف ایون فیلڈ، العزیزیہ ریفرنسز میں ضمانت اور سزا کیخلاف درخواستیں بحال کی تھیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اب العزیزیہ کیس کے خلاف نوازشریف کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کردی ہے۔ چیف جسٹس عامرفاروق کی سربراہی میں بینچ 7 دسمبر کو سماعت کرے گا۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے نوازشریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کیخلاف اپیلوں کی بحالی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواستیں 23 اکتوبر کو نواز شریف کی لندن سے وطن واپسی کے بعد دائر کی گئی تھیں۔ اور 26 اکتوبر کو عدالت نے دونوں اپیلیں بحال کردی تھیں۔

29 نومبر بروز بدھ اسلام آباد ہائیکورٹ نےن لیگ کے قائد نوازشریف کو ایون فیلڈ کیس میں بری کرتے ہوئے احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا تھا۔