لاہور ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی اور خاور مانیکا کی طلاق کا ریکارڈ طلب کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے بشریٰ بی بی اور خاور مانیکا کی طلاق کا ریکارڈ طلب کرنے کیلئے اعتراضی درخواست پر سماعت کی۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ میری اس درخواست پر اعتراض لگا تھا، میں نے دلائل دیئے، فاضل جج نے اعتراض دور کرد یا، یونین کونسل کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی ہوئی۔
عدالت نے کہا کہ آپ متاثرہ فریق نہیں،درخواست دائر نہیں کرسکتے، طلاق نامہ، عدت پر اعتراض صرف فیملی ممبران کر سکتے ہیں،آپ کو بشریٰ بی بی کی عدت پوری نہ ہونے کا کیسے پتہ ہے؟
وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ میں نے خبروں میں سنا ہے جس پر عدالت نے کہا کہ آپ نے خبریں دھیان سے نہیں سنی ہوں گی۔
جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ آپ طلاق نامہ کیسے چیلنج کر سکتے ہیں، یہ فیملی ممبران کا حق ہے۔
بعدازاں عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔