لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے آئندہ ہفتے سنے جانے والے مقدمات کی کازلسٹ جاری کر دی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جناح ہاؤس حملہ سمیت 9 مئی کے دیگر مقدمات میں ضمانتیں خارج کرنے کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئیں، جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 4 دسمبر کو سماعت کرے گا۔
خیال رہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے خارج ضمانتوں کو بحال کرنے کی استدعا کر رکھی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے منشا بم کی دہشت گردی کے مقدمے میں درخواست ضمانت بھی سماعت کے لیے مقرر کر دی، جسٹس شہرام سرور چودھری اور جسٹس علی ضیاء باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ 5 دسمبر کو سماعت کرے گا، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے منشا بم کی درخواست ضمانت خارج کی تھی۔
صنم جاوید کی آئی جی پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت جسٹس علی باقر نجفی 4 دسمبر کو کریں گے، صنم جاوید نے عدالتی حکم کے باوجود مقدمہ درج کرنے پر آئی جی پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
پی ٹی آئی ایکٹیوسٹ خدیجہ شاہ کی نظر بندی اور آئی جی پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواستوں پر جسٹس علی باقر نجفی 5 دسمبر کو سماعت کریں گے۔