پاکستان جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

کوالالمپور: پاکستان ہاکی ٹیم بیلجیئم کے خلاف میچ ڈرا کرکے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔

کوالالمپور میں کھیلے جارہے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بیلجیئم کا میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا، پاکستان بہتر پوائئنٹس کی بنیاد پر سپر 8 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگیا۔

بیلجیئم کی جانب سے جیک نے میچ کے تیسرے منٹ میں گول اسکور کیا۔

پاکستان کو کھیل کے 17ویں اور 27ویں منٹ میں پنالٹی کارنرز ملے لیکن پاکستانی ڈریگ فلکر ارباز احمد گول پوسٹ میں گیند پھینکنے میں ناکام رہے۔

پہلے ہاف کے اختتام تک بیلجیئم کو پاکستان پر ایک گول کی برتری حاصل رہی۔ پاکستان کو کھیل کے 42ویں منٹ میں ایک اور پنالٹی کارنر حاصل کرنے کا موقع ملا، ارباز احمد نے تیز رفتار ڈریگ فلک کے ذریعہ گول اسکور کرکے بیلجیئم کی برتری کا خاتمہ کردیا۔ میچ کے اختتام تک اسکور 1-1 گول سے برابر رہا۔

جونیئر ورلڈکپ کوارٹر فائنل میں پاکستان کا مقابلہ اسپین سے ہوگا۔

واضح رہے کہ قومی جونیئر ہاکی ٹیم نے ایونٹ کی فیورٹ نیدرلینڈز کے خلاف میچ بھی ڈرا کیا تھا جبکہ نیوزی لینڈ کو 4-0 سے شکست دی تھی۔