وزن میں کمی آنتوں کے کینسر کے خطرات کم کر سکتی ہے

طبی ماہرین نے تحقیق کے نتائج سے اخذ کیا ہے کہ وزن میں کمی آنتوں کے کینسر کے خطرات کو کم کر سکتی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ماہرین نے حال ہی میں کی گئی نئی تحقیق سے پتا چلایا ہے کہ ذیابیطس کی ادویہ اور وزن کم کرنے والی ادویات بڑی آنت کے کینسر کے خطرات کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔

امریکا میں کلیولینڈ کے کیس ویسٹرن ریزرو اسکول آف میڈیسن کے تحقیق کاروں کیہ یہ کاوش ایک جریدے میں شائع ہوئی ہے، جس کے مطابق ذیابیطس کے شکار افراد جنہوں نے کوئی ایک دوا بھی لی تھی، جیسے میٹفارمین یا انسولین، ان میں دوسروں کے مقابلے میں بڑی آنت کے کینسر کے امکانات کم پائے گئے۔

مطالعے کے شریک مصنف رانگ ژو کا کہنا تھا کہ ہمارے علم کے مطابق یہ پہلا اشارہ ہے اس بات کی طرف کہ وزن میں کمی اور ذیابیطس مخالف دوائیں کولوریکٹل کینسر کے واقعات کو کم کرتی ہیں۔

تحقیق میں ذیابیطس کے شکار 12 لاکھ افراد کے نتائج کا پتا لگایا گیا، جن کے طبی ریکارڈز قومی ڈیٹا بیس میں محفوظ تھے۔ ان سب کا 2005 اور 2019 کے درمیان ذیابیطس کی کسی نہ کسی دوا سے علاج کیا گیا تھا جس کے بعد ان میں کولوریکٹل کینسر کے امکانات کی کمی پائی گئی۔