فلسطین کے محصور شہر غزہ میں صہیونی درندگی کے باعث انسانی صورت حال پر عالمی تشویش بڑھ گئی ہے، جس پر عالمی ادارہ صحت نے ہنگامی اجلاس بلا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ایگزیکٹو بورڈ نے ایک ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جس کے ایجنڈے پر غزہ کی تباہ کن انسانی صورت حال سرفہرست ہے۔
سیشن کے آغاز میں خطاب کرتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈھانوم گیبریئس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے جنگ بندی کی قرارداد منظور کرنے میں ناکامی پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہا کہ غزہ کے لوگوں کو حقیقی معنوں میں تحفظ فراہم کرنے کا واحد راستہ جنگ بندی ہے، انھوں نے مزید کہا کہ غزہ میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے جو کارکن بچے ہوئے ہیں وہ تھک چکے ہیں اور انتہائی محدود وسائل کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری کے آغاز سے اب تک کم از کم 286 ہیلتھ کیئر ورکرز جاں بحق ہو چکے ہیں۔