خضدار میں بم دھماکہ، سی ٹی ڈی کا افسر شہید

بلوچستان کے شہر خضدار میں زوردار بم دھماکا ہوا جس میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کا افسر شہید ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکہ سلطان ابراہیم چوک کے علاقے میں ہوا۔ واقعے میں شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت سی ٹی ڈی کے ایس ایچ او مراد بخش جاموٹ کے نام سے ہوئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز فورس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرلیا اور ملوث افراد کی تلاش شروع کردی۔

نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے شہید پولیس افسر مراد جاموٹ کو خراج عقیدت پیش کیا اور ورثاء سے اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملوث عناصر کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، واقعے کی تحقیقات کرکے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔