گلگت: مارخور کا غیر قانونی شکار کرنے والے ملزم کو 2 سال قید کی سزا سنادی گئی اور مارخور کی قیمت کی مد میں 5 کروڑ 15لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔
تفصیلات کے مطابق گلگت کے نواحی علاقے جوٹیال نالہ میں قیمتی استور مارخور کا غیر قانونی شکار کیا گیا، جس کی اطلاع ملنے پر محکمہ جنگلات،جنگلی حیات اورایف سی کے اہلکاروں نے کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کیا۔
ملزم کو مجسٹریٹ جنگلی حیات کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ملزم نے سمری ٹرائل میں اعتراف جرم کرلیا۔
محکمہ جنگلی حیات نے بتایا کہ وائلڈلائف مجسٹریٹ نے مارخور کا غیرقانونی شکار کرنے والے ملزم کو دو سال قید کی سزا سناتے ہوئے استور مارخور کی قیمت کی مد میں 5 کروڑ 15لاکھ روپے اور 10 ہزار روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا۔
مجسٹریٹ نے رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں مجرم کو مزید 2سال قید کی سزا کا بھی حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ مارخور کی ٹرافی ہنٹنگ سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے، جس کا 80 فیصد حصہ مقامی لوگوں کو اور20 فیصد سرکار کو ملتا ہے، اگراس قیمتی جنگلی حیات کا شکار کیا جائے تو عوام کو کروڑوں روپوں کا نقصان ہوتا ہے۔