ایل پی جی کی آڑ میں حوالہ ہنڈی، چھاپے میں ایف آئی اے کو مزاحمت کا سامنا

کراچی بندرگاہ کے علاقے ویسٹ وہارف میں ایل پی جی گیس کی فروخت کی آڑ میں حوالہ ہنڈی کے کاروبار کی اطلاع پر ایف آئی اے نے چھاپہ مار کارروائی کی۔

ایل پی جی کے دفتر پر چھاپے کے دوران ایف آئی اے کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، فائرنگ اور حملے کے باعث ایف آئی اے کی ٹیم کارروائی چھوڑ کر واپس آ گئی۔

ذرائع کے مطابق حوالہ ہنڈی کی تحقیقات کے سلسلے میں حکیم سنز نامی عمارت میں ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کے سب انسپکٹر محمود کی سربراہی میں ٹیم نے ایل پی جی کے دفتر پر کاروائی کی۔

ایف آئی اے کو ایل پی جی کی آڑ میں مبینہ طورپر حوالہ ہنڈی کے بڑے سیٹ اپ کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔

ذرائع کے مطابق دفتر میں داخلے کی کوشش کے دوران ایف آئی اے کی ٹیم کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

دورانِ مزاحمت نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی ہوائی فائرنگ کے باعث ایف آئی اے کی ٹیم ریکارڈ لیے بغیر واپس آ گئی۔

ایف آئی اے کی ٹیم کی اطلاع پر علاقہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔

حکام کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم مزید نفری کے ہمراہ دوبارہ مذکورہ دفتر میں داخل ہو گی۔