توہین الیکشن کمیشن کیس،عمران خان کا فوری جیل ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد

توہین الیکشن کمیشن کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کا فوری جیل ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق کے مطابق عمران خان کی توہین الیکشن کمیشن کی جیل میں کارروائی کے خلاف  درخواست پر سماعت ہوئی،لاہور ہائیکورٹ کے 3رکنی فل بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ بتائیں نوٹیفکیشن کہاں ہے؟

وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا صرف رپورٹ پر جیل ٹرائل شروع کردیا گیا۔

جسٹس شہرام سرور چودھری نے ریمارکس دیئے کہ یہ کیسے ہو سکتا ہےنوٹیفکیشن کے بغیر تو ایک پرندہ بھی پر نہیں مارسکتا۔

جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیئے کہ آپ نوٹیفکیشن کا پتہ کریں،اگر نوٹیفکیشن نہیں ہوا تو یہ جیل ٹرائل نہیں ہو سکتا،ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ کوئی قانون کی خلاف ورزی کرے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن سے جیل ٹرائل نوٹیفکیشن کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت میں وقفہ کردیا۔

وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو  لاہورہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ آپ قانون کے مطابق چلیں،ہم ایسے نہیں چلیں گے ہمارے کندھے بہت نازک ہے ہم اتنا بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔

وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ نوٹیفکیشن اسلام اباد سے جاری ہوا ہے لہذا یہ لاہور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار نہیں بنتا۔

وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ جب ہمیں نوٹسز جاری ہوئے وہ لاہور کے ایڈرس میں وصول کیے گئے۔

الیکشن کمیشن کے وکلاء کی جانب سے ججمنٹس عدالت کے روبہ رو پیش کر دی گئی۔

وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ کیس لاہور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیارہ نہیں بنتا،یہ ضروری نہیں کہ جہاں کی رہائش ہو وہی کی عدالت میں  چلینج کیا جائے،یہ دس دن پہلے کا نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے۔

وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن آج فراہم کیا گیا ہے آج ہم نے دیکھا ہے ۔

عدالت نے پی ٹی آئی کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہ نوٹیفکیشن چلینج کریں ہم دیکھتے ہیں۔

وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چلینج کیا جاسکتا ہے کیونکہ یہ ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہورہا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم اس پر نوٹس جاری کر دینگے لیکن ہم کارروائی پر سٹے نہیں کرینگے کارروائی اسلام آبادجاری رہے گی۔

اشتیاق اے خان نے کہا کہ میں آج نوٹیفکیشن چلینج کر دیتا ہوں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو مکمل درخواست تیار کرنی پڑے گی،اپنے کہہ تھا کہ بغیر نوٹیفکیشن جیل ٹرائل کیا جارہا ہے لیکن اب نوٹیفکیشن عدالت کے روبروپیش ہوگیا ہے یہ تمام کارروائی جاری رہے گی ۔

وکیل عمران خان نے کہا کہ کل بانی چئیرمین پر فرد جرم لگا دی جائے گی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپکے پاس 2  دن ہیں اّگے چھٹیاں ہورہی ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔