کراچی: شہر قائد کے علاقے مچھر کالونی میں زوردار دھماکے سے دو منزلہ عمارت زمیں بوس ہو گئی، جس میں ایک بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہو گئے۔
کراچی میں ماری پور روڈ کے قریب مچھر کالونی کے جعفر چوک میں دھماکے سے عمارت گر گئی ہے، حادثے میں بچے سمیت تین افراد جاں بحق اور سترہ زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 2 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں، تمام افراد جھلس کر زخمی ہوئے، جنھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ملبے میں مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جنھیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا سلنڈر کا تھا، پولیس حکام نے کہا ہے کہ تباہ شدہ عمارت کے برابر میں سلنڈر کی دکان تھی۔ دھماکے سے گرنے والی عمارت کے پاس کئی افراد کو بڑے گیس سلنڈر لے جاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
دھماکا اتنا شدید تھا کہ دور تک آواز سنی گئی، مقامی افراد کا کہنا تھا کہ عمارت دو منزلہ تھی، جو دھماکے کی شدت کے نتیجے میں مکمل طور پر مسمار ہو گئی ہے۔
واقعے کے بعد علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی، ریسکیو سمیت پولیس اہلکار بھی موقع پر پہنچے، اے آر وائی نیوز کے مطابق دھماکے سے عمارت پوری طرح منہدم ہو چکی ہے۔