احتساب عدالت کےجج محمد بشیر کی گاڑی پر فائرنگ، ملزم گرفتار

احتساب عدالت کےجج محمد بشیرکی گاڑی پر فائرنگ کردی گئی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جج اڈیالہ جیل سے کیس کی سماعت کرکے واپس آرہے تھے۔

جج محمد بشیراڈیالہ جیل سے کیس کی سماعت سے واپس آ رہے تھے کہ راستے میں تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی گئی، تاہم محمد بشیر محفوظ رہے۔

حکام نے بتایا کہ فائرنگ سے ٹریفک جام ہوگئی اور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتارکرلیا۔ جس کی شناخت شایان علی کے نام سے ہوئی ہے اور وہ راولپنڈی ہارلے اسٹریٹ کا رہائشی ہے۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شایان گاڑی میں اپنی فیملی کے ساتھ جا رہا تھا کہ فیملی سے تلخ کلامی ہوئی، اور تلخ کلامی کے باعث اس نے گاڑی سے اتر کر ہوائی فائرنگ گی، فائرنگ کا واقعہ مقامی جج کے اسکواڈ کے قریب پیش آیا، تاہم جج اور پولیس سکواڈ محفوظ رہے۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ راولپنڈی پولیس نے ملزم شایان ذوالفقار کو حراست میں لیا تو وہ نشے میں تھا، ملزم کو تھانہ ائیرپورٹ منتقل کردیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آ غاز کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر اہم شخصیات کے نیب کیسز کی سماعت کر رہے ہیں، اور آج بھی اڈیالہ جیل سے عمران خان کے کیس کی سماعت سے واپس آرہے تھے۔