ڈیرہ اسماعیل خان حملے کے ماسٹرمائنڈ اور سہولت کاروں سمیت 9 دہشتگرد گرفتار

سکیورٹی اداروں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ہفتہ قبل سکیورٹی فورسز کے کمپاؤنڈ پر ہونے والے حملے کے ماسٹر مائنڈ اور 7 سہولت کاروں سمیت 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

دستاویزات کے مطابق دہشتگرد حملے میں ملوث ماسٹر مائنڈ کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ درابن سے ہے جبکہ حملے میں ملوث 6 دہشتگرد افغانستان سے تعلق رکھتے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش حملہ کرنے والے دہشتگرد حسن عرف شاکر کا تعلق افغانستان سے ہے، جس نے حملے سے قبل ویڈیو بھی جاری کی تھی جبکہ حملے میں ہلاک دوسرے خودکش حملہ آور صفت اللہ مروت کا تعلق امارت اسلامی افغانستان سے ہے۔

خودکش حملہ آور صفت اللہ کا شناختی کارڈ، ڈومیسائل اور دیگر دستاویزات بھی جیو نیوز کو موصول ہو گئی ہیں جبکہ خودکش حملہ صفت اللہ کے والد نے بیٹے کے امارت اسلامی سے تعلق کی بھی تصدیق کردی ہے۔

دستاویزات کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی گنڈاپور گروپ کے 5 دہشتگرد بھی اس حملے میں ملوث تھے۔

موصول دستاویزات کے مطابق دہشت گردوں کے پاس سے امریکی ساختہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

یاد رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان حملے میں 22 اہلکار شہید جبکہ 29 زخمی ہوئے تھے جبکہ حملے میں 2 خودکش حملہ آوروں سمیت دیگر 2 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے تھے۔