کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر دکاندار قتل ہوگیا جبکہ شہریوں کے تشدد سے 3 ڈاکو بھی ہسپتال میں دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں جانوروں کے چارے کی دکان میں 3 ملزمان داخل ہوئے اور لوٹ مار کرنا چاہی، مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کردی اور فرار ہونے لگے۔
ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دکاندار جاں بحق ہوگیا، مقتول کی شناخت شہروز کے نام سے ہوئی ۔اسی دوران شور شرابہ سن کر موقع پر موجود افراد نے تینوں ملزمان کو پکڑ لیا اور مشتعل افراد نے تینوں ملزمان کو شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
تاہم پولیس کی بھاری نفری نے تینوں ملزمان کو سخت جدوجہد کے بعد مشتعل افراد سے چھڑایا اور تینوں ملزمان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
بعد ازاں پولیس حکام کے مطابق تینوں ڈاکو دوران علاج عباسی ہسپتال میں دم توڑ گئے ، ڈاکوؤں کی فوری طور پر کوئی شناخت نہیں ہوسکی۔