ہسپتال سکیورٹی گارڈز کے تشدد سے 50 سالہ شخص جاں بحق، دو افراد گرفتار

حاصل پور کے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال میں مبینہ سکیورٹی گارڈ کے تشدد سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص پر سرکاری اسپتال کے ڈاکٹر کی پینٹ سے گرا پرس چرانے کا الزام تھا، پرس چوری کے شبہ میں سکیورٹی گارڈ نے تشدد کیا جس سے 50 سالہ شخص موقع پر جان کی بازی ہار گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں سکیورٹی گارڈ کے تشدد سے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ریاض گجر کے نام سے ہوئی۔

ریاض گجر حاصل پور کے نواحی علاقہ موقع پلہ کا رہائشی بتایا گیا، اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے جو مصروف تفتیش ہیں جب کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو گارڈز کو حراست میں بھی لے لیا۔

پولیس حکام نے کہا کہ لاش کو تحویل میں لے لیا گیا ہے، واقعہ کی تفتیش کر رہے ہیں پوسٹ مارٹم رپورٹ پر تفصیلی آگاہ کریں گے۔

ادھر ریاض گجر کے ورثا نے کہا کہ ہمارے بزرگ کی تشدد کے باعث موت واقع ہوئی، مقتول کا پوتا تین دن سے سرکاری اہسپتال میں زیر علاج تھا۔