پشاور: ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ کے واقعے میں طالبعلم جاں بحق اور اس کے 2 ساتھی زخمی ہو گئے۔
مقامی افراد کے مطابق داؤدزئی کے علاقے میں موبائل فون چھیننے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک طالبعلم جاں بحق اور اس کے 2 ساتھی زخمی ہوئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان کو قتل اور 2 کو زخمی کرنے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔
مقتول دانش اپنے دوستوں کے ہمراہ گھر جا رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر موبائل فون چھیننے کی کوشش کی۔
اس دوران مزاحمت پر فائرنگ سے دانش، حلیم اور حبیب شدید زخمی ہو گئے، جن میں سے دانش اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
طبی ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس رہزنی سمیت واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے کر تفتیش کررہی ہے۔