زندگی سمندر میں گزارنے کیلیے تمام جائیداد فروخت

امریکا میں ایک جوڑے نے سمندر میں زندگی گزارنے کے لیے اپنی تمام جائیداد بیچ دی۔

بین الاقوامی بر رساں اداروں کے مطابق ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے اپنی آئندہ کی زندگی سمندر میں پھرتے رہنے والے ایک کروز میں بسر کرنے کے لیے اپنی تمام تر جائداد بیچ دی۔ 76 سالہ جان اور 64 سالہ میلوڈی مینیسی کا ماننا ہے کہ سمندر میں زندگی گزارنا زمین پر رہنے کے مقابلے میں کہیں زیادہ سستا ہے۔

دونوں میاں بیوی نے اپنی رہائش گاہ، کاروبار اور دیگر تمام ملکیتی اشیا کو فروخت کرکے ایک موٹر ہوم خریدا اور اس چلتے پھرتے ٹرک پر انہوں نے پورے امریکا میں گھومنے کا ارادہ کیا، تاہم اس سفر سے بھی تھک جانے کے بعد انہوں نے ایک اشتہار دیکھنے پر سمندر میں ہمیشہ کے لیے زندگی گزارنے کا عزم کیا۔

یہ امریکی جوڑا اس وقت ڈومنیکن ری پبلک کے اطراف کروز پر (محو سفر) زندگی گزار رہا ہے جو ان کے طویل مدتی سفر کا ایک حصہ ہے۔ اس سفر میں وہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی بحر الکاہل جا چکے ہیں۔ جوڑے کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی پہلے سے زیادہ دلچسپ ہے اور سستی بھی۔