ایک پائلٹ کی غلطی سے مسافر طیارہ رن وے کی بجائے منجمد دریا میں اتر گیا۔
یہ حیرت انگیز واقعہ روس کے شہر یاکوتسک کے قریب پیش آٰیا۔
واضح رہے کہ روسی خطے سائبریا میں واقع یاکوتسک کو دنیا کا سرد ترین شہر بھی قرار دیا جاتا ہے۔
پولر ائیرلائنز کے اس چھوٹے طیارے میں 30 مسافر اور عملے کے 4 افراد سوار تھے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پائلٹ نے غلطی سے منجمد دریائے Kolyma کو چھوٹا لینڈنگ رن وے سمجھ لیا تھا۔
یاکوتسک کے قریب Zyryanka نامی علاقے میں اس طیارے کو دریا پر لینڈ کیا گیا اور خوش قسمتی سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
مسافر اور عملے کے افراد پیدل چل کر اس دریا کے اوپر سے گزر کر محفوظ علاقے میں پہنچے جبکہ برف میں پھنس جانے والے طیارے کو وہی چھوڑ دیا گیا۔
یہ طیارہ یاکوتک سے روانہ ہوا تھا اور غلطی سے دریا کے کنارے پر موجود رن وے کی بجائے منجمد دریا پر اتر کیا گیا، جہاں اس وقت درجہ حرارت منفی 41 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔
دریا پر موجود برف کی موٹائی ڈھائی فٹ سے زیادہ بتائی گئی ہے مگر تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ طیارے کے قریب گہری دراڑ پڑ گئی تھی۔
اب تک طیارے کو وہاں سے کسی اور جگہ منتقل نہیں کیا گیا حالانکہ اسے کوئی خاص نقصان نہیں ہوا تھا۔
ابتدائی تحقیقیاتی رپورٹ کے مطابق ایسا پائلٹ کی غلطی سے ہوا اور طیارے کو منجمد دریا پر اتار دیا گیا۔