سال نو پر ہوائی فائرنگ سے بچی زخمی، پولیس اہلکار گرفتار

ڈاکس پولیس نے ماڑی پور مچھر کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں پولیس اہلکار سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی فائرنگ سے 8 سالہ بچی زخمی ہوئی تھی ۔

ترجمان ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ڈاکس پولیس نے ماڑیپور روڈ مچھر کالونی میں سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ، گرفتار ملزمان میں پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔

ملزمان کی فائرنگ سے 8 سالہ بچی گولی لگنے سے زخمی ہوئی تھی ، گرفتار ملزم شاہد نے سال نو پر ہوائی فائرنگ کی تھی ، ہوائی فائرنگ میں استعمال کیا جانے والا پستول پولیس اہلکار کاشف کا ہے۔

گرفتار اہلکار کاشف پیرآباد تھانے میں تعینات ہے ، واقعہ کا مقدمہ ڈاکس تھانے میں درج کیا گیا تھا ، فائرنگ کے واقعے میں ملوث تیسرے ملزم احسان کی تلاش جاری ہے ۔