پشاور:گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری کے دھندے میں ملوث گروہ کا سرغنہ گرفتار

پشاور میں وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے) نے گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کے دھندے میں ملوث گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے  گروہ کا سرغنہ گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے کے مطابق کوہاٹ روڈ پر کارروائی کے دوران گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث گروہ کا سرغنہ گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم شعیب میڈیکل ٹیکنیشن ہے اور خود کو ڈاکٹر ظاہر کرتا تھا ، ابتدائی تفتیشن کے مطابق مکروہ دھندے میں متعدد ڈاکٹرز بھی ملوث ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق  ملزمان پرائیوٹ اسپتالوں میں گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کرتے تھے، ملزم کے موبائل فون سے ڈونرز کے حوالے سے بھی اہم معلومات حاصل کر لی گئیں۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے تفتیش کر کے ساتھیوں اور سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔