ملک کے دیگر شہروں کی طرح پشاور میں بھی مرغی کے گوشت کی قیمت میں مسلسل ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں 330 روپے کلو ملنے والی مرغی 430 روپے کلو تک پہنچ گئی جبکہ سردی اور شادی سیزن کے باعث قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت میں ایک ماہ کے دوران 100 روپے کلو تک کا اضافہ ہو گیا ہے۔نگران حکومت سے مایوس شہری چیف جسٹس سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ماضی کی طرح قیمتوں کو کم کرنے کا فوری نوٹس لیں۔
تاجر مرغی قیمتوں میں مسلسل اضافی کی وجہ طلب میں اضافے اور رسد میں کمی کو قرار دے رہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کا دعوی ہے کہ گراں فروشی کے خلاف مہم جاری ہے۔
دوسری جانب لاہور میں مرغی کا گوشت 600 روپے جبکہ انڈوں کار میٹ 400 روپے درجن ہو گیا ہے۔
خیال رہے کہ نئے سال کے دوسرے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا اور 21 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ سال 2024 کے دوسرے ہفتے بھی مہنگائی کا جن بےقابو رہا اور ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ کی رفتار تیز رہی۔
ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 1.36 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بھی 44.2 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 21 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 8 کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر، مرغی، انڈے، پیاز، ماچس اور دالوں سمیت کئی اشیا مہنگی ہوئیں۔
جن میں ٹماٹرکی قیمت میں 15.63 فیصد، مرغی کی قیمت میں 6.42 فیصد، انڈوں کی قیمت میں 4.31 فیصد، دال ماش کی قیمت میں 0.83، دال چنا کی قیمت میں 2.11 فیصد، پیاز کی قیمت میں 8.94 فیصد، ایل پی جی کی قیمت میں 2.29 فیصد اور ماچس کی قیمت میں 2.56 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آلو کی قیمت میں 5.92 فیصد، دال مونگ کی قیمت میں 0.06 فیصد، کھانے پکانے کے تیل کی قیمتوں میں 0.17 فیصد جبکہ ویجیٹیبل گھی کی قیمتوں میں 0.29 فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمت میں 0.26 فیصد، لہسن کی قیمت میں 0.13 فیصد اور چینی کی قیمتوں میں 0.43 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔