پیاز کی کم سے کم برآمدات کیلیے قیمت میں اضافہ کیا گیا، سیکرٹری تجارت

سیکرٹری تجارت  نے قائمہ کمیٹی اجلاس کے دوران بتایا ہے کہ پیاز کی کم سے کم برآمدات کے لیے قیمت میں اضافہ کیا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس ہوا، جس میں پیاز کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق غور کیا گیا۔ دوران اجلاس سیکرٹری تجارت نے کہا کہ پیاز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا اندازہ ہے۔ ہم نے پیاز کی کم سے کم بر آمدات کے لیے قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ پیاز برآمد کرنے کے لیے قیمت میں اضافے سے ملک کو فائدہ ہو گا اور ایکسپورٹ میں بھی کمی آئے گی۔

دوران اجلاس بعض کمیٹی ارکان کی جانب سے پیاز کی بر آمدات پر پابندی لگانے پر غور  کی بات کی گئی، جس پر سیکرٹری تجارت نے کہا کہ پیاز کی قیمتوں کے حوالے سے صورتحال پر نظر ہے۔ سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ پیاز بہت مہنگا ہوگیا ہے، جس پر سیکرٹری تجارت نے کہا کہ ہم نے پیاز کی برآمد کی کم از کم قیمت 1200 ڈالر کر دی ہے ۔

سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ پیاز 300 روپے فی کلو ہو گیا ہے اس کی برآمد پر پابندی عائد کر دیں، جس پر سیکرٹری تجارت کا کہنا تھا کہ فوری طور پر پابندی عائد نہیں کر سکتے۔ برآمد پر کم از کم قیمت اسی لیے مقرر کی گئی ہے ۔ پیاز کی قیمت برآمدات کی وجہ سے نہیں بڑھی۔ مقامی انتظامیہ قیمت کم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔ پیاز کی برآمد میں اضافہ ہوا ہے، تاہم مقامی مارکیٹ میں اضافہ اس کے باعث نہیں ہے۔ اگر پیاز کی قیمت کنٹرول نہ ہوئی تو پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔