لیڈی ریڈنگ میں کامیاب آپریشن'20مریضوں کی بینائی لوٹ آئی

ایل آر ایچ میں مزید پانچ افراد کی مفت کارنیا پیوند کاری ہوگئی جس پرباہر لاکھوں کا خرچہ آتا ہے۔پچھلے دو مہینوں میں 20 مریضوں کے کارنیا آپریشن کئے گئے۔جن کا تعلق صوبے کے مختلف علاقوں سے تھا۔ایل آر ایچ ترجمان محمد عاصم کے مطابق اپتھلمالوجی یونٹ نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے گزشتہ دو مہینوں کے دوران 20 مریضوں کی کارنیا ٹرانسپلانٹیشن کی ہے جس کی بدولت ان کی بینائی لوٹ آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپتھلمالوجی ڈیپارٹمنٹ کی ہیڈ ڈاکٹر نزہت راحیل فوکل پرسن ،کارنیا ڈاکٹر حنان اور ان کی ٹیم نے پراجیکٹ پر کام کیا اور ایسے مریضوں کا انتخاب کیا جو اس آپریشن کا خرچہ برداشت نہیں کر سکتے تھے جس میں صوبے کے مختلف اضلاع سے کم عمر مریض اور خواتین بھی شامل تھیں۔ڈاکٹر فضل حنان کے مطابق جن 20 مریضوں کو کارنیا ٹرانسپلانٹ کیا گیا ہے اس میں مختلف قسم کے مریض شامل تھے بعض مکمل طور بینائی سے محروم تھے جبکہ بعض کا کسی چوٹ لگنے سے آنکھ میں زخم ہونے یا آنکھوں کی کسی بیماری کی وجہ سے بینائی متاثر ہوچکی تھی کامیاب آپریشن کیا گیا ۔ محمد عاصم نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ہر قسم سپورٹ کی بدولت مستقبل میں بھی ایسی آپریشن مفت کیے جائیں گے۔