ایل پی جی کی درآمد میں 3 فیصد کمی

ایل پی جی کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے دسمبر تک کی مدت میں ایل پی جی کی درآمدات پر 348 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 357 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق دسمبر میں ایل پی جی کی درآمدا ت پر 74 ملین ڈالر خرچ ہوئے جو دسمبر 2022ء کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہیں، دسمبر 2022ء میں ایل پی جی کی درآمدات پر 68 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔

پی بی ایس کے مطابق نومبر 2023ء کے مقابلے میں دسمبر 2023ء میں ایل پی جی کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 5 فیصد کا اضافہ ہوا، نومبر میں ایل پی جی کی درآمدات پر 70 ملین ڈالر خرچ ہوئے جبکہ دسمبر میں 74 ملین ڈالر کی درآمدات ہوئیں۔

واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمدات پر 8.006 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 14 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 9.286 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔