نگران وزیر خزانہ نے جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکسوں میں اضافہ ضروری قرار دیدیا

نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر سے ریفارمز کیلئے تجاویز لی ہیں، رواں سال نو اعشاریہ چار ٹریلین کا ٹیکس ہدف پورا کریں گے۔

 کسٹم کے عالمی دن کےموقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتےہوئےاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی اور نمو کیلئے مسلسل کام جاری ہے، اس وقت ملک میں جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح 8 سے 9 فیصد ہے جس میں اضافہ ضروری ہے۔اصلاحات کے عمل میں ڈیوٹیوں اور ایس آر او کو کم کرنے کی سفارشات کی جائیں گی۔ بارڈر ٹریڈ کے حوالے سے کسٹم اصلاحات ایک مشکل مرحلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کیلئے گزشتہ 5 ماہ مشاورت کا عمل جاری ہے ۔اور ایف بی آر ممبران کی تجاویز بھی لی گئی ہے جبکہ چیئرمین ایف بی آر بھی آن بورڈ ہیں۔ ایف بی آر نے اصلاحات کیلئے کچھ سکیمیں بھی پیش کی ہیں ۔ ایف بی آر جاری مالی سال کے دوران 9.4 ٹریلین روپے محصولات کا ہدف حاصل کر لے گا۔

 ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ ریونیو کے حصول اور اس میں اضافے  اقدامات کا سلسلہ جاری رکھنا ہو گا اوراس مقصد کیلئے آگاہی مہم بھی ضروری ہے۔ قوم کی معاشی اور سماجی ترقی کیلئے ریونیو میں اضافہ ضروری ہے ،اس کیلئے تمام شراکت داروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔