پاکستانی 6 ماہ میں 96 ارب سے زائد کی چائے پی گئے

پاکستانی معاشرے میں چائے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث چائے خوراک کا لازمی حصہ بن چکی ہے۔

پاکستانی صرف چھ ماہ کے دوران 96ارب روپے سے زائد کی ٹی پی گئے ہیں، دستیاب دستاویزات کے مطابق ملک بھر میں ماضی کے مقابلے میں چائے پینے کے رجحانات میں پے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

پہلے پہل چائے گھروں میں مہمانوں میں پیش کی جاتی تھی اب دیہی علاقوں سمیت شہروں میں جگہ، جگہ ڈھابوں ، ہوٹلوں پرٹی پینے والے شوقین افراد کا رش نظر آتا ہے ۔

جولائی ، دسمبر 2023 کے دوران 96 ارب 49 کروڑ روپے سے زائد کی ٹی مختلف ممالک سے منگوائی گئی ہے، گزشتہ سال اسی عرصے میں 71 ارب دس کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے گئے تھے۔

اگر صوبائی اور وفاقی حکومتیں مقامی کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کریں تو ملکی کثیر زرمبادلہ بچایا جاسکتا ہے، ٹی کی کاشت کے لئے ایک سروے بھی کروایا گیا تھا جس میں خیبر پختونخوا اور آزاد جموں کشمیر سمیت دیگر علاقوں کو چائے کی کاشت کے لئے موزوں قرار دیا گیا تھا

دوسری جانب یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن آف پاکستان نے ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر مختلف برانڈڈ چائے کی قیمتوں میں کمی کردی۔

ترجمان یوٹیلیٹی سٹور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی مختلف برانڈڈ چائے کی قیمتوں میں 60 روپے سے 110 روپے کی کمی کر دی گئی ہے۔  چائے کا  800 گرام پیک2195 كی بجائے 2085 میں ملے گا جبکہ 430 گرام پیک 1197 کی بجائے اب 1137 میں دستیاب ہوگا۔

اسی طرح 900 گرام پیک1792 کی بجائے 1732 روپے میں فراہم کیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ صارفین مختلف برانڈڈ چائے کی تمام پیکنگ پر ڈسکائونٹ حاصل کرنے کیلئے قریبی یوٹیلیٹی سٹورز پر تشریف لائیں ۔