اسلام آباد: ایف بی آر نے 7 ماہ کے دوران 35 ارب روپے سے زائد ٹیکس جمع کرلیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری مالی سال 2023-24 کے ابتدائی 7 مہینوں کے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں، جس میں بتایا گیا ہے کہ اس مدت کے لیے مقرر ٹارگٹ سے 35 ارب روپے زائد ٹیکس اکٹھا کیا گیا ہے۔
جاری مالی سال کے پہلے سات مہینوں میں مجموعی طور پر 5 ہزار 150 ارب روپے کے محصولات جمع کیے گئے ہیں جب کہ ان 7 ماہ میں 5 ہزار 115 ارب روپے محصولات کی وصولی کا ہدف تھا۔
گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں رواں سال 1177 ارب روپے زائد ٹیکس وصول کیا گیا ہےجو گزشتہ مالی سال 2023-2022کے ابتدائی 7 ماہ میں 3973 ارب روپے تھا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکام نے مزید بتایا کہ جنوری 2024ء میں ایف بی آر نے 681 ارب روپے کے محصولات اکھٹے کئے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 545 ارب روپے تھے۔