انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں بابراعظم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 5 درجے ترقی کی ہے اور پانچویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جبکہ باولنگ اور آل راونڈرز کے شعبے میں پہلے 10 کھلاڑیوں میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے جاری کر دہ نئی ٹیسٹ ریکنگ میں پہلی پوزیشن نیوزی لینڈ کے مایہ ناز بلے بازکین ولیمسن کے پاس ہے جبکہ دوسرے نمبر پر انگلینڈ کے جوئے روٹ، تیسرے پر آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ ، چوتھے پر نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل اور پانچویں پر بابراعظم موجود ہیں ۔
اس کے علاوہ بھارت کے ویرات کوہلی بھی ایک درجہ ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے عثمان خواجہ کی در درجے ترقی ہوئی ہے اور وہ 7 ویں پوزیشن پر براجمان ہو گئے ہیں۔انگلینڈ کے ہیری بروک ایک درجہ بہتری کے بعد آٹھویں، سری لنکا کے کروناتنے تین درجے بہتری کے بعد نویں اور آسٹریلیا کے مارنس لبوشین 6 درجے تنرلی کے بعد 10 ویں وپزیشن پر پہنچ گئے ہیں ۔
ٹیسٹ رینکنگ کے باولنگ کے شعبے میں بھی بڑی اکھاڑ پچھاڑ دیکھنے میں آئی ہے ، بھارت کے ایشوین بہترین باولر قرار پائے ہیں اور پہلی پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں ، دوسرے پر جنوبی افریقہ کے ربادا ، تیسرے پر آسٹریلیا کے پیٹ کمنز، چوتھے پر بھارت کے بمراہ، پانچویں پر آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ، بھارت کے رویندر جدیجہ ، انگلینڈ کے اولی روبنسن ساتویں نمبر پر ہیں ۔بہترین 10 باولرز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہے ۔
آل راونڈرز کی فہرست میں بھی کوئی پاکستانی جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو پایا ہے ، سب سے پہلے نمبر پر بھارت کے رویندر جدیجہ ، دوسرے پر بھی بھارت کے ایشون، تیسرے پر بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، چوتھے پر انگلینڈ کے جوئے روٹ اور پانچویں پر انگلینڈ کے ہی بین سٹوکس موجود ہیں ۔