محکمہ موسمیات کی تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی

 محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے اضلاع پسنی، جیوانی، تربت، گوادر ، لسبیلہ ، آواران،اورماڑہ، پنجگور اور واشک میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کردی۔

محکمہ موسمیات نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلودرہے گا،لیکن خیبرپختونخواکے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا، تاہم شام/رات میں ایبٹ آباد، مانسہرہ، بالاکوٹ اور گردونواح میں بوندا باندی/ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلودرہے گا،مر ی، گلیات اور گردو نواح میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ شام/رات میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے، تاہم نارووال، شیخوپورہ، سیالکوٹ، حافظ آباد اور گوجرانوالہ میں بعض مقا مات پر صبح کے اوقات میں ہلکی دھند پڑنے کا بھی امکان ہے۔

ادھربلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود جبکہ جنوب مغربی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ پسنی، جیوانی، تربت، گوادر ، لسبیلہ ، آواران،اورماڑہ، پنجگور اور واشک میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم رات کے اوقات میں جامشورو،کراچی اور گر دو نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش/بونداباندی ہو سکتی ہے،کشمیر میں گلگت بلتستان میں موسم شدیدسرد اور مطلع ابر آلود رہے گا۔