کے ایس ای-100 انڈیکس: سٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس میں 655 پوائنٹس کا اضافہ : پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے حکومت سازی پر اتفاق کے بعد حصص مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے پہلے روز ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران کاروبار میں زبردست تیزی کا رجحان ہے، آج بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 655 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 9 بج کر 55 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 655 پوائنٹس یا 1.04 فیصد اضافے کے بعد 63 ہزار 470 تک جاپہنچا، جو گزشتہ روز 62 ہزار 815 پر بند ہوا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفے کے آخری کاروباری روز بھی انڈیکس میں 901 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا۔

اسی طرح 21 فروری کو پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے حکومت سازی پر اتفاق کے بعد آج اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان برقرار رہا تھا، اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1094 پوائنٹس بڑھ گیا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے بتایا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان حکومت کی تشکیل پر اتفاق کی خبروں کے بعد مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی ہے۔

اکثیر ریسرچ کے ڈائریکٹر اویس اشرف نے بھی انہی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے صورتحال واضح ہونے پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

چیز سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر یوسف ایم فاروق نے نوٹ کیا تھا کہ نئی حکومت کے حوالے سے گزشتہ رات صورتحال واضح ہونے کے بعد اسٹاک ایکسیچنج کا آغاز مثبت ہوا۔