کراچی کے اسٹیل مل کے رہائشیوں نے گیس بلوں کے خلاف احتجاجی دھرنا دے دیا ہے، احتجاج کے باعث پاکستان مارکیٹ سے نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔
ملیر میں اسٹیل مل کے رہائشیوں نے گیس کے بلوں کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ہے، جبکہ مظاہرین نے بلز واپس لینے کا بھی مطالبہ کر دیا ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ اسٹیل مل ملازمین کو گیس کے جعلی بل بھیجے گئے ہیں، گیس کے بل 7 ہزار سے 50 ہزار روپے تک بھیجے گئے ہیں۔
مظاہرہ کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ نے نوٹس بھیجے ہیں، کہ بل ادا نہیں کرے تو گھروں سے بے دخل کر دیا جائے گا۔
اسٹیل مل ملازمین کا کہنا ہے کہ ملازمین کے خاندان پہلے ہی فاقوں پر مجبور ہیں، تنخواہیں بھی نہیں دی جا رہی ہیں اور بلوں کی بھرمار ہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ بھیجے گئے گیس کے بلز ختم کر کے بے چینی کو دور کیا جائے۔
دوسری جانب امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھتے ہوئے پولیس کو طلب کر لیا گیا ہے۔