پاکستان کے انٹرنیشنل ڈالر بانڈ کے ریٹ میں اضافہ

انتخابات کے بعد سیاسی بے یقینی ختم ہونے سے پاکستان کے انٹرنیشنل ڈالر بانڈ کے ریٹ میں اضافہ ہوگیا۔

بین الاقوامی ادارے بلوم برگ نے پاکستان کے انٹرنیشنل ڈالر بانڈ کے بارے میں رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق پاکستان کے ڈالر بانڈ میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھ گئی ہے۔

بینک آف امریکا نے پاکستان کے ڈالر بانڈ کا درجہ مارکیٹ ریٹ سے بڑھا دیا ہے اور پاکستان کے ڈالر بانڈ کا بھاؤ مارکیٹ ریٹ سے زیادہ ہے جس کے نتیجے میں مستقبل میں پاکستان کی ریٹنگ مزید بہتر ہو سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سیاسی بے یقینی ختم ہونے سے ڈالر بانڈ میں بھی بہتری آئی ہے، پاکستان میں عام انتخابات سے سیاسی بے یقینی میں کمی آئی ہے، آئی ایم ایف معاہدے سے پالیسی خدشات ختم ہو سکتے ہیں۔

پاکستان میں اس وقت حکومت سازی اور نئی کابینہ کی تشکیل پر فوکس ہے، نئی حکومت کے کابینہ ارکان کا تقرر اہم ہوگا، یہ دیکھنا ہوگا کہ کیا نئی حکومت آئی ایم ایف کے اہداف پورا کرنے کی اہل ہے یا نہیں۔