پنجاب اسمبلی نے صوبائی حکومت کیلئے ایک ماہ کے جاری اخرجات کیلئے 358 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی، اپوزیشن کے شور شرابے میں بجٹ تحریک منظور ہوگئی۔
اجلاس کے دوران ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی مریم اورنگزیب نے یکم مارچ سے 31 مارچ تک حکومت کیلئے اخراجات جاریہ کی منظوری کیلئے ایوان میں تحریک پیش کی جس پر اپوزیشن رکن رانا آفتاب نے نقطہ اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ یہ بجٹ کس مد میں خرچ ہونا ہے۔
مریم اورنگزیب نے ایوان کو بتایا کہ روزمرہ امور کیساتھ عدالتی و حکومتی معاملات کیلئے یہ اخراجات ناگزیر ہیں۔
اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان نوک جھونک کے بعد اسپیکر نے تحریک منظوری کیلئے ایوان میں پیش کی جس پر اپوزیشن نے شور شرابہ شروع کیا اور بجٹ دستاویز پھاڑ کر ہوا میں لہرا دیں، اپوزیشن کے اسی شور شرابے میں اسمبلی نے بجٹ منظور کرلیا۔
ایجنڈے کی کارروائی مکمل ہونے پر اسپیکر ملک احمد خان نے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔