عالمی بینک کا کاسا 1000منصوبے پر کام دوبارہ شروع کرنے کا اعلان، پاکستان کا خیرمقدم : کاسا منصوبہ خطے میں توانائی کے اشتراک کے عزم کو آگے بڑھانے کی جانب اہم قدم ہے : پاور ڈویژن

پاور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق عالمی بینک نے کاسا 1000منصوبے پر کام دوبارہ شروع کرنےکا اعلان کیا ہے۔ 

اسلام آباد سے پاور ڈویژن نے اپنے اعلامیہ میں کاسا 1000منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے بتایا کہ حکومت کاسا منصوبے کی سرگرمیاں دوبارہ بحال کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق حکومت نے عالمی بینک کا شکریہ ادا کرنے کیلئے مشترکہ ڈکلیریشن پر دستخط کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان مشترکہ ڈکلیریشن پر دستخط کیلئے کرغزستان اور تاجکستان کے ساتھ شامل ہوگیا۔ 

اعلامیہ کے مطابق عالمی بینک نے افغانستان میں تعمیراتی کام شروع کرنے کیلئے درخواست کا بروقت جواب دیا۔ منصوبےمیں شامل تمام 3 پڑوسی ممالک نے منصوبے کی بحالی کیلئے درخواست کی تھی۔ 

اعلامیہ کے مطابق کاسا منصوبہ خطے میں توانائی کے اشتراک کے عزم کو آگے بڑھانے کی جانب اہم قدم ہے۔ 

اعلامیہ کے مطابق عالمی بینک کے بورڈ نے اس منصوبہ کے پیرامیٹرز پر عمل درآمد کیلئے اتفاق کیا ہے۔ منصوبہ خطے میں کلین انرجی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ 

اعلامیہ کے مطابق منصوبے کے تحت افغانستان کے راستے پاکستان کو کلین انرجی دستیاب ہو سکےگی۔ 

اعلامیہ کے مطابق کاسا 1000 سینٹرل ایشیا اور ساؤتھ ایشیاء میں بجلی کی ٹرانسمشن کا اہم منصوبہ ہے اور اس منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 1.2 ارب ڈالرز لگایا گیا ہے۔