کینیڈا نے روس کے اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی کی جیل میں موت پر روس کے خلاف مزید پابندیوں کا اعلان کردیا ہے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے وزیر خارجہ میلینی جولی نے ایک بیان میں کہا کہ اعلان کردہ پابندیوں کی زد میں سینئر حکام اور روسی عدلیہ کے اعلیٰ عہدیدار، انصاف کی خدمات انجام دینے والے ادارے سمیت روس کے 6 عہدیدار شامل ہیں۔
خیال رہے کہ روسی صدر ویلادیمیر پوتن کے سخت ناقد الیکسی ناوالنی گزشتہ ماہ جیل میں پراسرار طور پر انتقال کرگئے تھے۔
الیکسی ناوالنی نے ولادیمیر پوتن پر متعدد بار کرپشن کے الزامات لگائے اور کڑی تنقید کی تھی، جس پر انھیں 2021 میں جرمنی سے واپسی پر گرفتار کیا گیا تھا اور 19 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
گزشتہ برس کے آخر میں انھیں شمالی سائبیریا کے علاقے کی آرکٹک جیل کی کالونی میں منتقل کیا گیا تھا۔
روس کے47 سالہ اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی آرکٹک جیل کالونی میں 19 سال قید کی سزا کاٹ رہے تھے جہاں ان کی اچانک موت واقع ہوئی تھی اور ابتدائی طور پر وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا تاہم تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔