ماہرہ خان کی کیٹ مڈلٹن سے متعلق افواہیں پھیلانے والوں پر کڑی تنقید

  کراچی: پاکستان کی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان نے اُن تمام سوشل میڈیا صارفین پر کڑی تنقید کی ہے جنہوں نے برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن میں کینسر کی تشخیص سے قبل اُن کے ’لاپتا‘ ہونے کی افواہیں پھیلائی تھیں۔

22 مارچ کو پرنسز آف ویلز کیتھرین میڈلٹن نے سوشل میڈیا پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں اُنہوں نے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی۔

ویڈیو پیغام میں کیٹ مڈلٹن نے بتایا تھا کہ جنوری میں ان کے پیٹ کی سرجری ہوئی تھی اور ان کا خیال تھا کہ یہ کینسر نہیں ہے لیکن بعد میں پتہ چلا کہ یہ کینسر تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر ان کیلئے بہت بڑا دھچکا تھی لیکن وہ اپنے بچوں اور فیملی کیلئے اسے منظر عام پر نہیں لانا چاہتی تھیں۔

برطانوی شہزادی نے بتایا تھا کہ اب کینسر کے علاج کیلئے ان کی کیمیو تھراپی جاری ہے اور دن بدن اس سے صحت مند ہورہی ہ

کیٹ مڈلٹن کے حیران کُن انکشاف کے بعد ماہرہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اُن صارفین کے نام پیغام جاری کیا ہے جو حقیقت جانے بغیر معروف شخصیات پر تنقید کرتے ہیں۔

ماہرہ خان نے کہا کہ مجھے حیرت ہوتی ہے کہ لوگ کس طرح ایک جگہ بیٹھ کر عوامی شخصیات کے بارے میں گھٹیا اور فضول قسم کی باتیں لکھ لیتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو اپنے ہی مضحکہ خیز سازشی نظریوں اور بےمعنی باتوں پر یقین کرکے اپنا پورا دن ضائع کردیتے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ہر انسان کے لیے زندگی اہم ہے لیکن سب کو اپنی زندگی میں مختلف مشکلات کا سامنا بھی رہتا ہے، اسی لیے ہر کسی کے ساتھ اچھا سلوک کریں کیونکہ ہم اندازہ نہیں لگا سکتے کہ دوسرا انسان اپنی زندگی کس طرح گزار رہا ہے۔