دبئی میں گزشتہ روز ہونے والی طوفانی بارش سے نظام درہم برہم ہوگیا، جہاں دبئی میں برسات کا 75 سالہ ریکارڈ ٹوٹا وہیں سیلابی ریلے میں ایک بلی بھی پھنس گئی، جس کو ریسکیو کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
متحدہ عرب کی ریاستوں میں گزشتہ روز گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں ہوئی جس نے جل تھل ایک کر دیا اور سڑکیں دریاؤں کا منظر پیش کرنے لگیں جب کہ حالات کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا۔
اس بارش نے 75 سالہ ریکارڈ توڑ دیا اور گھروں، شاپنگ مالز میں بھی پانی داخل ہوگیا، تعلیمی ادارے بند اور لوگوں کو گھروں میں رہنے اور ملازمین کو ورک فرام ہوم کی ہدایت کی گئی جب کہ متعدد پروازیں بھی منسوخ کرنا پڑیں۔
طوفانی بارش سے جہاں انسانی زندگی مفلوج ہوئی وہیں جانور بھی اس سے شدید متاثر ہوئے۔ دبئی میں ایک بلی بھی طوفانی بارش سے ہونے والے سیلابی ریلے میں پھنس گئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈری سہمی بے چاری بلی سیلابی پانی میں ڈوبی کار کے دروازے ہینڈل سے لٹک کر خود کو سیلابی ریلے میں بہنے سے بچانے کی کوشش کر رہی ہے،تاہم اچھی بات یہ ہے کہ مقامی ریسکیو اہلکاروں کی ٹیم نے اس بلی کو بچا لیا اور محفوظ مقام پر متنقل کر دیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلی ڈری سہمی سیلابی ریلے میں بہنے سے بچنے کیلئے کار کے بند دروازے کے ہینڈل کو مضبوطی سے پکڑے ہوئے ہے اسی اثنا میں ایک اہلکار آکر بلی کو ریسکیو کرتا ہے اور اپنی بوٹ میں لے آتا ہے۔
بلی بچ جانے پر ریسکیو اہلکار کی طرف منہ کر کے میاؤں میاؤں کی آوازیں نکالتی ہے جس سے محسوس ہوتا ہے کہ وہ ڈوبنے سے بچانے پر ریسکیو اہلکار کا اپنی زبان میں اظہار تشکر کر رہی ہے۔