خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 36 ہو گئی،46 زخمی

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 36 افراد جاں بحق جبکہ 46 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 20 بچے، 8 مرد اور 8 خواتین شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ زخمیوں میں 9 خواتین، 33 مرد اور 11 بچے شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 2391 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 388 گھر مکمل تباہ ہو گئے جبکہ 2003 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے باعث حادثات صوبہ کے اضلاع خیبر، لوئر اور اپر دیر، لوئر اور اپر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور اورکزئی میں رونما ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارشوں کا سلسلہ 21 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ تمام ضلعی انتظامیہ کو پہلے سے ہی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ جاری کیا جا چکا ہے۔