انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس ایوارڈ جیتنے والی واحد مسلمان خاتون سونیا شمروز کو خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل آف پولیس (اے آئی جی) اسٹیبلشمنٹ تعینات کردیا گیا۔
ضلع ابیٹ آباد سے تعلق رکھنے والی سونیا شمروز ڈی پی او چترال اور ڈی پی او بٹگرام کے عہدوں پر کام کرچکی ہیں۔ سونیا شمروز نے 2013 میں پولیس سروس جوائن کی وہ بطور اے ایس پی اور ڈی پی او مختلف اضلاع میں خدمات انجام دے چکی ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں سونیا شمروز کا کہناتھا کہ اب بہت اچھی ذمہ داریاں ملی ہیں، صوبے میں خواتین آفیسرز کو مرد آفیسرز کے مقابلے برابر کے حقوق دیے جا رہے ہیں، کھبی کسی عہدے کیلئے کسی کو سفارش نہیں کرائی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں کام کرنے کے لحاظ سے اچھا ماحول ہے، اپنی خدمات پر بین الااقوامی اور قومی سطح پر ایوارڈز حاصل کیے، ایوارڈز جبری شادیوں اور خواتین پر تشدد کی روک تھام کے حوالے سے ہیں۔
اس حوالے سے انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا اخترحیات خان کا کہناتھاکہ صوبے میں خاتون پولیس آفیسرز و اہلکاروں کو خصوصی ترجیح دی جارہی ہے، گزشتہ ایک سال کے دوران خیبرپختونخوا میں خواتین آفیسرز کی تعیناتی کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں خواتین پولیس آفیسرز و اہلکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے اورخواتین پولیس افسر و اہلکار اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہی ہیں۔