سیمنٹ فیکٹری پر حملہ،سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ،2ایف سی جوانوں سمیت 4 افراد شہید

رات گئے نامعلوم افراد نے لکی مروت میں لکی سیمنٹ فیکٹری پر حملہ کردیا ۔ فائرنگ سے ایک سیکیورٹی گارڈ شہید ، 5 کو یرغمال بنا لیا گیا  جبکہ ضلع کرم میں فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکار،ایک شہری شہید ہوگئے ۔

اطلاعات کے مطابق رات گئے نامعلوم افراد نے لکی سیمنٹ فیکٹری پر حملہ کردیا ۔حملے میں ایک سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگئے۔نامعلوم افراد نے ایک ایکسیویٹر، ایک کرین اور ایک ٹینکر کو بھی آگ لگا دی،پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے 5 ا سیکیورٹی گارڈز کو یرغمال بنایا اور بعد میں ان یرغمالی سیکیورٹی گارڈز کو چھوڑ دیا۔ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

دوسری جانب ضلع کرم میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے،پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقہ متا سنگر میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کے دوران فائرنگ کی گئی ۔ایف سی اہلکار گھر کی تلاشی کو پہنچے تو گھر میں مسلح افراد نے ایف سی پر فائرنگ شروع کردی ، فائرنگ کے نتیجے میں دو ایف سی اہلکار شہید ہوگئے۔

حملے کے بعد ایف سی اہلکاروں نے بھی جوابی کاروائی کی ،فائرنگ کے تبادلے  میں ایک مقامی نوجوان بھی فائرنگ کی  زد میں آکر جاں بحق ہوگیا ،پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان باشندوں کی موجودگی کی بناء پر گھر کی تلاشی لے جارہی تھی، واقعے کے بعد فورسز کے دستے علاقے میں پہنچ گئے۔